بنگلورو،یکم مئی (ایس او نیوز)شہر بنگلورومیں کورونا وائرس سے دن بدن بڑھتی ہوئی اموات اور ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے ایمبولنس کی قلت کے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے جمعہ کے روز کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کمیٹی کی طرف سے شہر میں ’کانگریس کیرس‘ نامی ایمبولنس سرویس شروع کی گئی جس کا کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار اور کارگزار صدررام لنگا ریڈی نے افتتاح کیا۔
شانتی نگرکے رکن اسمبلی این اے حارث کے فرزند محمد نلپاد کی قیادت میں شروع کی گئی اس ایمبولنس سرویس میں پہلے مرحلہ میں پانچ ایمبولنس شامل کئے گئے ہیں آنے والے دنوں میں ان کی تعداد کو 25تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ محمد نلپاڈ نے اس سرویس کے بارے میں ’ نمائندوں‘ کوبتایا کہ شہر بنگلورو میں دن بدن کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ پہلے تو کورونا متاثرین کی حالت بگڑجائے تو ان کو گھروں سے اسپتال پہنچانے کے لئے ایمبولنسوں کی قلت ہے اور اسپتالوں میں بدقسمتی سے سینکڑوں افراد کی روزانہ موت ہو رہی ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جہاں علاج کے لئے مناسب انتظام نہیں کیا جا سکا ہے وہیں ایمبولنسوں کی قلت کے سبب لوگوں کو اپنے اقرباء کی آخری رسومات اور تدفین کے لئے ایمبولنسوں کا کافی انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر ایمبولنس مل بھی جائے تو اس کے لئے ہزارو ں کی رقم کی مانگ کی جا رہی ہے اس لئے یوتھ کانگریس کے ذریعے اس سرویس کی شروعات پارٹی کے تمام کارکنوں کی کوششوں سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سرویس کے تحت خدمات حاصل کرنے کے لئے 24گھنٹے ہیلپ لائن نمبر080-47188800:پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس ایمبولنس سرویس کی شروعات کرنے کے بعد کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ مصیبت میں مبتلا عوام کی مدد کے لئے یوتھ کانگریس کی طرف سے یہ ایک معمولی خدمت ہے، آنے والے دنوں میں عوام کی سہولت کے لئے اس کو اور زیادہ وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مرحلہ میں جبکہ سرکاری نظام عوام کو مدد پہنچانے میں ناکا م ہو چکا ہے کانگریس پارٹی نے عوام کی مدد کے لئے اپنے طور پر یہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اس سرویس کی شروعات کے بارے میں اے آئی سی سی انچارج برائے کرناٹک رندیپ سرجیوالا کو تفصیلات سے آگاہ کروایا۔